13 ستمبر ، 2024
بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا سے آذربائیجان کے دارالخلافہ باکو جانے والی پرواز نے فنی خرابی کے باعث کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فلائی پرو ائیرلائن کی پرواز ایف پی 5202 ڈھاکا سے باکو جارہی تھی کہ بھارتی فضائی حدود میں طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ہائیڈرولک سسٹم میں خلل کے باعث بوئنگ 747 طیارہ بلندی نہیں پکڑ پا رہا تھا، طیارہ پاکستانی حدود میں داخل ہوا تو مبینہ طور پر فنی خرابی دور نہ ہوئی جس پر پائلٹ نے ائیر ٹریفک کنٹرولر کراچی سے رابطہ کرکے لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
ذرائع نے بتایا کہ اجازت ملنے پر پائلٹ نے کارگو پرواز کو ری روٹ کیا اور سکھر کے قریب سے طیارے کو کراچی کی طرف موڑ دیا۔
ذرائع کے مطابق پرواز نے رات پونے 3 بجے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، طیارہ کراچی ائیرپورٹ پر موجود ہے اور معائنہ کیا جا رہا ہے۔