Time 14 ستمبر ، 2024
پاکستان

پارلیمان سپریم ادارہ ہے، قومی معاملات کو صرف پارلیمان کے ذریعے ہی حل ہونا چاہیے: وزیراعظم

پارلیمان سپریم ادارہ ہے، قومی معاملات کو صرف پارلیمان کے ذریعے ہی حل ہونا چاہیے: وزیراعظم
 آئینی اداروں،غیرسیاسی شخصیات کو سیاست میں گھسیٹ کرفریق بنانے کی کوشش ہوتی رہی: شہباز شریف کا خطاب— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمان ملک کا سپریم ادارہ ہے اور قومی نوعیت کے معاملات کو صرف پارلیمان کے ذریعے ہی حل ہونا چاہیے۔

وزیرِاعظم کی جانب سے ارکانِ پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں وفاقی وزرا، پاکستان مسلم لیگ ن، ایم کیوایم، بلوچستان عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ضیا کے ارکان پارلیمنٹ شریک تھے۔

اعلامیے سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پارلیمان ملک کا سپریم ادارہ ہے اور پارلیمان کا تقدس قائم رکھنے کیلئے ضروری ہے ملکی وعوامی مفاد میں قانون سازی ہو، قومی نوعیت کے معاملات کو صرف پارلیمان کے ذریعے ہی حل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کراستحکام کی جانب لائے، معاشی استحکام کے تسلسل، ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے لیکن ملک دشمن عناصرپوری کوشش کرتے رہے کہ ملک ڈیفالٹ ہو اور ان کے ناپاک عزائم کامیاب ہوں، آئینی اداروں،غیرسیاسی شخصیات کو سیاست میں گھسیٹ کرفریق بنانے کی کوشش ہوتی رہی۔

ان کا کہنا تھاکہ نواز شریف اور بینظیر بھٹو شہید کی قیادت میں میثاقِ جمہوریت ہوا، میثاقِ جمہوریت سے غیرآئینی اقدامات کا راستہ ہمیشہ کیلئے روک دیا گیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ملکی ترقی کیلئے سب کو پھر سے اکٹھا ہونا ہے، سیاست ہوتی رہے گی، ملک کو بچانے کیلئے پالیسیوں کا تسلسل انتہائی ضروری ہے، 2018 سےپہلے نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا تھا، سوچی سمجھی سازش سے انہیں سیاسی منظرنامے سے ہٹانے کی گھناؤنی سازش کی گئی، یہ سازش پاکستان اور پاکستان کی عوام کو بہت مہنگی پڑی، گزشتہ 3برس تک پاکستان میں نااہل حکومت نے ملک کو ڈیفالت کےدہانے پر پہنچا دیا، اللہ نے ہمیں پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کا ذمہ سونپا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی مفاد کیلئے سب جماعتوں نے مل کراپنی ساست قربان کرکے ریاست کو بچایا، آج ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، مہنگائی کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے، پالیسی ریٹ کی کمی سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور  روزگار کے نئے مواقع فراہم ہونگے اور برآمدات بڑھیں گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ اور دوست ممالک کے حکومتی پالیسیوں پراعتماد میں اضافہ ہوا، ترسیلاتِ زرمیں اضافہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے حکومت پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے مگر ابھی اس ملک کی ترقی کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے، آپ آج یہ عہد کریں کہ ملکی ترقی کیلئے شبانہ روز محنت کریں گے، پاکستان کی معاشی سلامتی کیلئے مجھ سمیت ہم سب کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا ہے جس میں آئینی ترامیم کے مسودےکی منظوری دی جائے گی۔

مزید خبریں :