Time 14 ستمبر ، 2024
پاکستان

کراچی ائیرپورٹ پر ایک دن میں منکی پاکس کا تیسرا مشتبہ کیس رپورٹ

کراچی ائیرپورٹ پر ایک دن میں منکی پاکس کا تیسرا مشتبہ کیس رپورٹ
فوٹو: فائل

کراچی ائیرپورٹ پر ایک دن میں منکی پاکس کا تیسرامشتبہ کیس رپورٹ ہوا ہے۔

ذرائع ائیرپورٹ کے مطابق  جدہ  سے فلائٹ پی کے 732 سے کراچی  آنے والے مسافر میں منکی پاکس علامات تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  آج صبح بھی غیر ملکی ائیرلائن کی پرواز سے آئے مسافر میں منکی پاکس کی علامات پائی گئی تھیں۔ مسافر کا تعلق رحیم یار خان سےہے۔

ذرائع کے مطابق  مسافر میں منکی پاکس علامات  پر  سعودی ائیر لائن کے طیارےکو ڈس انفیکٹ  بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ  ہیلتھ امیگریشن کاؤنٹر  اورکنوینربیلٹ کوبھی اسپرے کرکے ڈس انفیکٹ کیا گیا۔

اس کے علاوہ  دبئی سے کراچی آنے والی پرواز کی خاتون مسافر میں منکی پاکس علامات پائی گئیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ  تینوں مسافروں کو سندھ حکومت کے انفیکشن  ڈیزیز  اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ٹیسٹ رپورٹ آنے تک مسافروں کو اسپتال کےآئیسولیشن وارڈ میں رکھا جائے گا۔

خیال رہےکہ عالمی ادارہ  صحت (ڈبلیو ایچ او) نے منکی پاکس کی پہلی ویکسین کی منظوری دے دی ہے۔

خبرایجنسی کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے منکی پاکس کی پہلی ویکسین ایم وی اے، بی این کی منظوری دی ہے، منکی پاکس کی ویکسین 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو 4 ہفتوں کے فرق سے 2 خوراکوں میں دی جا سکےگی۔

خبرایجنسی کا بتانا ہےکہ منظور شدہ ویکسین وائرس کے خلاف ایک خوراک کے بعد 76 فیصد اور  2 خوراکوں کے بعد 82 فیصد مؤثر ہے۔

واضح رہےکہ عالمی ادارہ برائے صحت منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ ایمرجنسی قرار دے چکا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق منکی پاکس 121 ممالک میں پھیل چُکا ہے، رواں سال 500 افراد اس سے ہلاک ہوچکے ہیں، ہائی رسک گروپس اور کمزور قوتِ مدافعت والے افراد میں منکی پاکس کی شرحِ اموات 10فیصد تک ہوسکتی ہے۔

مزید خبریں :