15 ستمبر ، 2024
خیبرپختونخوا میں پولیس افسران و اہلکاروں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔
پولیس افسران و اہلکاروں کو سوشل میڈیا کے استعمال سے روکنے کیلئے سینٹرل پولیس آفس نے ریجنل پولیس افسران اور ضلعی پولیس افسران کے نام جاری خط میں کہا ہے کہ پولیس افسران و اہلکار سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کا استعمال نہیں کریں گے۔
خط میں تمام رینک کے افسران و اہلکاروں کو ٹک ٹاک، فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور یوٹیوب سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال سے روکنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکار و افسران ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں، سوشل میڈیا میں پرسنل اکاؤنٹس ہولڈر کی ڈی پی پر باوردی فوٹو، اسلحہ، پولیس بیج یا دیگر شواہد اپلوڈ کرنے پر مکمل پابندی ہوگی۔
خط میں یہ بھی کہا گیا کہ بہت سے پولیس اہلکار ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے ہیں، خلاف ورزی پر آر پی او اور ڈی پی اوز کو محکمانہ کارروائیاں کرنے کا کہا ہے۔
سینٹرل پولیس آفس کے اس خط میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا استعمال سے محکمہ پولیس کی ساکھ مجروح ہوتی ہے اور سوشل میڈیا استعمال سے دیگر پولیس اہلکاروں کی زندگی کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔