پاکستان
18 فروری ، 2013

سانحہ کوئٹہ کے خلاف چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج اورہڑتال

 سانحہ کوئٹہ کے خلاف چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج اورہڑتال

کراچی…شیعہ علما کونسل کی اپیل پر سانحہ کوئٹہ کے خلاف سندھ کے بیشتر اضلاع میں ہڑتال ہے، ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیئیجارہے ہیں، پنجاب بار کونسل نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کر رکھاہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تین روزہ سوگ ہے۔پنجاب بارکونسل کی اپیل پر سانحہ کوئٹہ کے خلاف ڈسٹرکٹ کورٹ ملتان میں وکلا نے مکمل طور پر عدالتی بائیکاٹ کررکھا ہے۔لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ میں بھی وکلا کی ہڑتال ہے۔ ضلع رحیم یار خان میں وکلانے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کر رکھا ہے، منڈی بہاوٴالدین میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اور ملکوال بار ایسوسی ایشن کی ہڑتال ہے۔ سندھ کے ضلع لاڑکانہ اور خیرپور میں بھی وکلا نے سانحہ کوئٹہ کے خلاف اور شہدا کے لواحقین سے اظہایکجہتی کے لئے عدالتی کارروائیاں ترک کر رکھی ہیں۔ استور بار ایسوسی ایشن نے بھی عدالتی کاررائیوں کا مکمل بائیکاٹ کررکھا ہے۔شیعہ علما کونسل کی اپیل پر سانحہ کوئٹہ کے خلاف ضلع قمبر شہداد کوٹ ،لاڑکانہ ،جیکب آباد، شکارپور ،کندھکوٹ اور تھرپارکر سمیت مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں ہڑتال ہے، کاروباری و تجارتی مراکز بندہیں۔لاڑکانہ میں جناح باغ چوک پر دھرنا دیا جارہا ہے۔ خیرپورمیں ببرلو بائے پاس پر احتجاج کے باعث قومی شاہراہ بندہے۔ جیکب آباد میں ڈی سی چوک پر دھرنادیا گیا ہے۔ تھرپارکرمیں پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ کندھکوٹ میں گھنٹہ گھر چوک پر مظاہرہ جاری ہے۔ کراچی میں ہڑتال کے باعث اندرون بلوچستان سے آنے والی مسافر بسیں حب کے قریب رْکی ہوئی ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے سانحہ کوئٹہ کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لئے کشمیر بھر میں تین روزہ سرکاری سوگ کا اعلان اور پْرامن مظاہروں کی اپیل کی ہے، گلگت بلتستان میں بھی تین روزہ سرکاری سوگ کے اعلان کے بعد اسکردو، استور اور گلگت سمیت مختلف علاقوں میں سانحہ کوئٹہ کے خلاف اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لئے دھرنے دیئے جارہے ہیں۔گڈز ٹرانسپورٹر نے ملک میں تجارتی سامان کی ترسیل بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔شہر کی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں بھی سوگ کے باعث بند ہیں۔

مزید خبریں :