02 جنوری ، 2012
فیصل آباد … گیس کی عدم فراہمی کے باعث فیصل آباد کی صنعتیں آج گیارہویں روز بھی بند ہیں جس کے باعث یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ہزاروں مزدور بے روزگاری اور معاشی پریشانی کا شکار ہیں۔ گیس لوڈ مینجمنٹ کے تحت محکمہ سوئی گیس کی جانب سے صنعتوں کو غیر معینہ مدت کیلئے گیس بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد فیصل اباد کی صنعتیں آج گیارہویں روز بھی بند ہیں۔ گیس کی عدم فراہمی کے باعث فیکٹریوں میں کام کرنے والے ہزاروں مزدوروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ان کی مالی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ دوسری طرف گیس کی عدم فراہمی سے بند پروسیسنگ انڈسٹری میں کپڑے کی مانگ ختم ہونے سے پاور لومز سیکٹر بھی بحران کی زد میں آگیا ہے۔ صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت سی این جی سیکٹر کو بند کرکے کھاد فیکٹریوں کو گیس کی فراہمی بحال کردے تو لاکھوں افراد کا روزگار بحال ہو سکتا ہے۔