Time 21 ستمبر ، 2024
پاکستان

علی امین نے نعیم پنجوتھہ کے ذریعے عمران سے درخواست کی جلسے سے انکی جان چھڑائیں: حنیف عباسی کا دعویٰ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے نعیم پنجوتھہ کے ذریعے عمران خان سے درخواست کی تھی کہ جلسے سے ان کی جان چھڑائیں۔

جیو نیوز سے گفتگو میں حنیف عباسی کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف دنیا بھر میں ایکسپوز ہوچکی ہے جب جب ملک ترقی کرنے لگتا ہے پی ٹی آئی سازشوں پر اتر آتی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ انہوں نے 10 لاکھ لوگوں کو لانے کا دعویٰ کیا تھا لیکن یہ جلسہ نہیں جلسی نکلی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ علی امین گنڈا پور نے نعیم پنجوتھہ کے ذریعے بانی پی ٹی آئی سے درخواست کی تھی کہ جلسے سے ان کی جان چھڑائیں لیکن بانی پی ٹی آئی نے سختی سے منع کردیا تھا، علی امین اس کے باوجود وقت پر جلسے میں نہ پہنچے۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور مقررہ وقت میں جلسہ میں نہ پہنچ سکے اور نہ ہی خطاب کرسکے۔ وہ پشاور سے بذریعہ موٹر وے لاہور کیلئے روانہ ہوئے تھے، لاہور پہنچنے کے بعد قافلے کے ہمراہ پیدل جلسہ گاہ کی طرف روانہ ہوئے جب علی امین جلسہ گاہ پہنچے تو جلسہ گاہ تقریباً خالی ہوچکی تھی۔

وہاں موجود کارکنوں سے گفتگو میں کہاکہ راستے بند ہونے کے باوجود جلسہ گاہ میں حاضری دے دی، ان کا سلام قبول کریں، انہوں نے یہاں خطاب کرنا تھا، لاہوریوں سے ملنا تھا۔

مزید خبریں :