21 ستمبر ، 2024
پاکستان تحریک انصاف کے لاہور جلسے کیلئے خیبر پختونخوا سے آنے والے زیادہ تر قافلے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ہی واپس ہوگئے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے لاہور جلسے میں رسمی شرکت کی۔ جلسے کے مقام پر موجود کارکنوں سے مختصر خطاب کیا۔
وزیر اعلیٰ پشاور سے تاخیر سےساڑھے گیارہ بجے روانہ ہوئے تھے۔ صوبے سے جانے والے دیگر قافلے بھی جلسہ گاہ بروقت نہ پہنچ سکے۔ مردان، صوابی، چارسدہ اور خیبر کے بیشتر کارکن جلسہ گاہ پہنچے ہی نہیں اور خیبرپختونخوا سے زیادہ قافلے اسلام آباد سے ہی واپس ہوگئے۔
علی امین گنڈاپور قافلے سے آگے آگے جارہے تھے۔ اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو میں مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرسیف کا کہنا تھاکہ وزیراعلیٰ بروقت جلسہ گاہ پہنچے، غیرقانونی رکاوٹیں کھڑی نہ کرتے تو علی امین گنڈاپور جلسہ گاہ جلد پہنچ جاتے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہزاروں کی تعداد پر مشتمل قافلے کی قیادت کررہے تھے۔
خیال رہے کہ لاہور میں کاہنہ کے مقام پر پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کا وقت ختم ہوتے ہی کچھ منٹ بعد پولیس ایکشن میں آئی، لائٹیں اور ساؤنڈ سسٹم بند کروایا اور کنٹینر پر چڑھ کر رہنماوں کو اتارا۔