Time 24 ستمبر ، 2024
پاکستان

پاکستان پولیس اسٹیٹ بن چکا، یہ مارشل لا ضیا اور مشرف کے مارشل لا سے بھی سخت ہے: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان مکمل طور پر پولیس اسٹیٹ بن چکا ہے، یہ وہ مارشل لا ہے جو ضیاالحق اور پرویز مشرف کے مارشل لا سے بھی سخت ہے۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھاکہ سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے سے سب واضح ہو گیا، نیب ترامیم کیس چل رہا تھا، تب بھی کہا ہماری درخواستیں سنیں لیکن نہیں سنا گیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پی ٹی آئی کو باہر رکھنا اور پارٹی کو اڑا دینے کی کوشش تھی، اب سب بے نقاب ہو چکا ہے اور سارے پردے ہٹ چکے ہیں، پریکٹس اینڈ پروسیجرایکٹ سے جمہوری طریقے سے کیس لگنے کی خلاف ورزی کی گئی۔

عمران خان نے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کی آزادی کے حق میں جمعرات کو احتجاج کریں گے، جمعہ کو ہمارا اپنا احتجاج ہے اور ہفتے کو راولپنڈی میں جلسہ کریں گے، جلسے کی اجازت نہ دی گئی تو احتجاج کریں گے۔

سابق وزیراعظم نے الزام عائد کیا کہ ماتحت عدلیہ مکمل طور پر ان کے کنٹرول میں ہے جو جج کنٹرول نہیں ہوتا اس کو ٹرانسفر کر دیا جاتا ہے، جج 9 مئی کے مقدمات کا فیصلہ دینے لگا تو اس کو بھی تبدیل کر دیا گیا، پاکستان مکمل طور پر پولیس اسٹیٹ بن چکا ہے، یہ وہ مارشل لا ہے جو ضیا اور مشرف کے مارشل لا سے بھی سخت ہے۔

مزید خبریں :