26 ستمبر ، 2024
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس کے خلاف سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائرکی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر صدارتی آرڈیننس کو غیر آئینی قرار دیا جائے اور ساتھ ہی آرڈیننس کے بعد پریکٹس پروسیجرکمیٹی کے تمام فیصلوں کو غیر قانونی قرار دیکر کالعدم کیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئینی درخواست کے زیر التوا ہونے تک نئی تشکیل شدہ پریکٹس اینڈ پروسیجرکمیٹی کوکام سے روکا جائے اور آرڈیننس کے خلاف درخواست کے دوران پرانی پریکٹس اینڈپروسیجر کمیٹی کوکام کرنےکی اجازت دی جائے۔
بیرسٹر گوہر کی جانب سے دائر درخواست میں وفاق، وزارت قانون اور سیکرٹری صدر مملکت کو فریق بنایا گیا ہے۔
خیال رہے چند دن قبل وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد صدر مملکت آصف زرداری نے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس پر دستخط کیے تھے جس کے بعد وہ نافذ ہوگیا تھا۔