Time 09 اکتوبر ، 2024
پاکستان

کے پی: رواں برس دہشتگردی کے 497 واقعات رونما ہوئے، سی ٹی ڈی کے اعداد و شمار جاری

کے پی: رواں برس دہشتگردی کے 497 واقعات رونما ہوئے، سی ٹی ڈی کے اعداد و شمار جاری
فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا کے 27 اضلاع میں رواں سال اب تک دہشتگردی کے 497 واقعات رونما ہوئے جن میں 1154 ملزمان کو نامزد کیا گیا۔

جیو نیوز کو موصول محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا کی رپورٹ کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں رواں سال 209 دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ 244 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 16 ملزمان کو عدالت سے سزائیں ملیں۔

سی ٹی ڈی رپورٹ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کے 52 واقعات میں 39 دہشتگرد ہلاک جبکہ 4 دہشتگرد گرفتار ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق قبائلی ضلع خیبر میں رواں سال دہشتگردی کے 55 واقعات رونما ہوئے، جبکہ مختلف کارروائیوں میں  22 دہشتگرد ہلاک ہوئے اور 25 کو گرفتار کیا گیا۔

شمالی وزیرستان میں رواں سال دہشتگردی کے 54 واقعات رپورٹ ہوئے۔ سی ٹی ڈی کی  مختلف کارروائیوں کے دوران 27 دہشتگرد ہلاک جبکہ 8 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ضلع ٹانک میں دہشتگردی کے 51 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ مختلف کارروائیوں کے دوران 28 دہشتگرد ہلاک ہوئے اور 6 کو گرفتار کیا گیا۔

پشاور میں رواں برس دہشتگردی کے 33 واقعات رونما ہوئے، سی ٹی ڈی کے آپریشنز میں 66 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 8 دہشتگرد سی ٹی ڈٰ کے ہاتھوں ہلاک ہوئے۔

سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی وزیرستان میں رواں سال دہشتگردی کے 39 واقعات ہوئے، علاقے میں 11 دہشتگرد ہلاک جبکہ 1 کو گرفتار کیا گیا۔

اسی طرح باجوڑ میں دہشتگردی کے 39 واقعات رپورٹ ہوئے، 5 دہشتگرد ہلاک جبکہ 8 گرفتار ہوئے۔

سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق بنوں میں دہشتگردی کے 40 واقعات رونما ہوئے، مختلف کارروائیوں کے دوران 21 دہشتگرد گرفتار جبکہ 15 مارے گئے۔

شانگلہ میں رواں سال دہشتگردی کے 6 واقعات ہوئے جبکہ سی ٹی ڈی نے 33 دہشتگرد گرفتار کیے اور ایک دہشتگرد ہلاک ہوا۔

اسی طرح سوات میں رواں برس  دہشتگردی کے 10 واقعات رپورٹ ہوئے، سی ٹی ڈی کی کارروائیوں میں 2 دہشتگرد ہلاک اور 3 گرفتار ہوئے۔

سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق بونیر میں رواں سال دہشتگردی کے 2 واقعات میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ چارسدہ میں دہشتگردی کا ایک واقعہ رپورٹ ہوا جس میں 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا اور 4 گرفتار ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق دیر لوئر میں رواں سال دہشتگردی کے 6 واقعات رونما ہوئے، سی ٹی ڈی نے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کیا۔ اسی طرح ہنگو میں دہشتگردی کے 9 واقعات میں نامزد 2 ملزمان گرفتار ہوئے۔

سی ٹی ڈی کے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس کرک میں دہشتگردی کے 5 واقعات ہوئے جبکہ مختلف آپریشنز میں 3 دہشتگرد گرفتار ہوئے، اسی طرح کوہاٹ میں دہشتگردی کے 5 واقعات ہوئے، سی ٹی ڈی نے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔

سی ٹی ڈی کی رپرٹ کے مطابق کرم میں رواں سال دہشتگردی کے 17 واقعات رونما ہوئے، سی ٹی ڈی کی مختلف کارروائیوں کے دوران 6 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا اور ایک دہشتگرد سی ٹی ڈی اہلکاروں کے ہاتھوں ہلاک ہوا۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال ضلع لکی مروت میں دہشتگردی کے 37 واقعات ہوئے، مختلف کارروائیوں کے دوران سی ٹی ڈی نے 14 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جبکہ 8 دہشتگرد گرفتار ہوئے۔

رواں برس مالاکنڈ میں دہشتگردی کے 4 واقعات رپورٹ ہوئے، سی ٹی ڈٰی نے 25 دہشتگردوں کو گرفتار کیا۔ مانسہرہ میں دہشتگردی کا 1 واقعہ رونما ہوا جبکہ کارروائی میں 4 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مردان میں رواں سال دہشتگردی کے 9 واقعات رونما ہوئے، مختلف کارروائیوں میں 11 دہشتگرد ہلاک جبکہ 9 گرفتار ہوئے۔ ضلع مہمند میں رواں سال دہشتگردی کے 8 واقعات رپورٹ ہوئے، مہمند میں 6 دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ ایک کو گرفتار کیا گیا۔

رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال نوشہرہ میں دہشتگردی کے 7 واقعات رونما ہوئے، سی ٹی ڈی کی کارروائیوں میں 5 دہشتگردوں کو گرفتار 2 کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

سی ٹی ڈی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ضلع صوابی میں دہشتگردی کا 1 واقعہ رونما ہوا جس میں 1 شدت پسند ہلاک ہوا۔

مزید خبریں :