09 اکتوبر ، 2024
اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 2 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کا امکان ہے۔
جیو نیوز کے مطابق سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد بن عبدالعزیز الفلیح کل دو روزہ دورے پرپاکستان آئیں گے جہاں وزیراعظم شہباز شریف سعودی وفد کے اعزاز میں نجی ہوٹل میں عشائیہ دیں گے۔
حکام کے مطابق سعودی وفد 11 اکتوبر کو نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کرے گا، عسکری حکام سے بھی سعودی وفد کی ملاقاتیں 11 اکتوبر کو متوقع ہیں جب کہ اسی روز وزارتی سطح پر سعودی وفد کے ساتھ راؤنڈ ٹیبل میٹنگز بھی شیڈول ہیں۔
سعودی وزیر پاکستانی ہم منصبوں کےساتھ مفاہمتی یادداشتوں پردستخط کریں گے اور ان کی حکام سے بی ٹو بی ملاقاتیں ہوں گی جب کہ مختلف سیشنز بھی ہوں گے جن میں مختلف وزارتوں کے حکام شامل ہوں گے۔
حکام کے مطابق سعودی وزیر کے ساتھ آنے والے وفد میں کنسٹرکشن، انجینئرنگ، فنانشل سروسز، آئی ٹی، ہاسپیٹیلٹی، ایگریکلچر، فوڈ انرجی اور پیٹرولیم کی سعودی کمپنیون کے نمائندے بھی شامل ہونگے۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری پاکستان کے نجی شعبے کی سینئر قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔