16 اکتوبر ، 2024
اسلام آباد: بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد میں موجود ہیں جہاں آج انہوں نے بھارتی ہائی کمیشن میں اپنی مصروفیات کی تفصیلات شیئر کیں۔
جے شنکر نے بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد میں مارننگ واک اور شجر کاری کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیں۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے پلانٹ فار مدر (Plant4Mother) کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ’ارجنا کا ایک پودا پاکستان میں موجود بھارتی ہائی کمیشن میں‘۔
دوسری پوسٹ میں مارننگ واک کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہائی کمیشن کیمپس میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مارننگ واک کرتے ہوئے‘۔
جے شنکر نے ایس سی او کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کا مطلب دہشتگردی و انتہا پسندی کے خلاف سخت رویہ اختیار کرنا ہے۔