Time 16 اکتوبر ، 2024
دنیا

11ہزار روپے کلو آٹا، 50 ہزار روپے کلو ٹماٹر، غزہ میں خوراک کتنی مہنگی ہے؟

غزہ: مسلسل جاری اسرائیلی بمباری اور محاصرے کے باعث غزہ میں اشیائےخورد و نوش کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ ہوگیاہے۔

گزشتہ 15 روز سے اسرائیل نے شمالی غزہ میں ہر قسم کی خوراک اور امداد کے داخلے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے اور اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق شمالی غزہ میں تقریباً 4 لاکھ افراد بھوک کا شکار ہیں۔

 پے در پے اسرائیلی حملوں اور زبردستی انخلا کے احکامات کے نتیجے میں خوراک تقسیم کرنےکے پوائنٹس، کھانا تیار کرنے کی جگہیں اور بیکریاں بند ہوچکی ہیں۔

شمالی غزہ کی واحد بیکری جو ورلڈ فوڈ پروگرام کی مدد سے چلتی تھی، اسرائیلی حملے کے نتیجے میں بند ہوچکی ہے۔

غزہ کی پٹی میں کم و بیش 21 لاکھ افراد یا کل آباد کا 96 فیصد خوراک کی شدید قلت کا شکار ہیں جبکہ ہر 5 میں سے ایک فرد بھوک کا شکار ہے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق غزہ میں اشیائے خورد و نوش اکثر لوگوں کی قوت خرید سے باہر  ہوچکی ہیں اور وہ خوراک کے لیے فلاحی اداروں کی جانب سے فراہم کیے جانے والے کھانے پر منحصر ہیں۔

11ہزار روپے کلو آٹا، 50 ہزار روپے کلو ٹماٹر، غزہ میں خوراک کتنی مہنگی ہے؟
انفوگراف: الجزیرہ

الجزیرہ نے غزہ میں مختلف اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں شائع کی ہیں جن کے مطابق شمالی غزہ میں ٹماٹر کی فی کلوگرام قیمت 180 ڈالر  اور جنوبی غزہ میں 12 ڈالر ہے جبکہ جنگ سے قبل یہ قیمت  ایک ڈالر تھی، اسی طرح شمالی غزہ میں ایک کلو گرام کھیرے 150 ڈالر اور جنوبی غزہ میں 8 ڈالر میں دستیاب ہیں جبکہ جنگ سے قبل یہ قیمت ایک ڈالر تھی۔

شمالی غزہ میں ایک کلو گرام بینگن کی قیمت 15 ڈالر اور جنوبی غزہ میں 5 ڈالر ہے جبکہ جنگ سے قبل یہ قیمت0.8 ڈالر تھی۔ شمالی غزہ میں ایک کلو گرام گوشت کی قیمت 90 ڈالر اور جنوبی غزہ میں 41 ڈالر ہے جبکہ جنگ سے قبل یہ قیمت 5.3 ڈالر تھی۔

شمالی غزہ میں کھانا پکانے کا تیل 9 ڈالر اور جنوبی غزہ میں 8 ڈالر میں دستیاب ہے جبکہ جنگ سے قبل یہ قیمت 6.5 ڈالر تھی۔ شمالی اور جنوبی غزہ میں پانی کی بوتل 2 ڈالر میں دستیاب ہے جبکہ جنگ سے قبل اس کی قیمت 0.25 ڈالر تھی۔

 شمالی غزہ میں 25 کلو آٹے کا تھیلا  ایک ہزار ڈالر جبکہ جنوبی غزہ میں 150 ڈالر میں دستیاب ہے، جنگ سے قبل یہ قیمت 9 ڈالر تھی۔ شمالی غزہ میں چینی کی فی کلوگرام قیمت 60 ڈالر اور جنوبی غزہ میں 28 ڈالر ہے جبکہ جنگ سے قبل یہ قیمت ایک ڈالر تھی۔

شمالی غزہ میں ایک درجن انڈے 73 ڈالر جبکہ جنوبی غزہ میں 32 ڈالر میں دستیاب ہیں، جنگ سے قبل یہ قیمت 3.5 ڈالر تھی۔

شمالی غزہ میں نان ڈیری پاؤڈر  دودھ فی کلو گرام 124 ڈالر اور جنوبی غزہ میں 20 ڈالر میں دستیاب ہے جبکہ جنگ سے قبل یہ قیمت 3 ڈالر تھی۔

خشک دودھ کی فی کلو گرام قیمت شمالی غزہ میں 85 ڈالر اور جنوبی غزہ میں 12 ڈالر ہے جبکہ جنگ سے قبل یہ قیمت 3 ڈالر تھی۔

بچوں کا فارمولا مِلک جنگ سے قبل 6.5 ڈالر میں دستیاب تھا جو اب جنوبی غزہ میں 15 ڈالر میں دستیاب ہے جبکہ شمالی غزہ میں یہ اب دستیاب ہی نہیں۔

مزید خبریں :