16 اکتوبر ، 2024
26 ویں آئینی ترمیم پر پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر کل تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔
26 ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر غور کے لیے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں راستوں کی بندش کے باعث 39 میں سے صرف 12 ممبران اجلاس میں پہنچ سکے۔
کمیٹی نے مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، جے یو آئی اور اے این پی کے مجوزہ ڈرافٹ یکجا کرلیے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل پارٹی نے آئینی ترامیم کمیٹی میں بلوچستان اسمبلی کی نشستیں101 کرنےکامطالبہ کر دیا اور اس تجویز کو بلوچستان عوامی پارٹی کی بھی حمایت حاصل ہے۔
اجلاس کے بعد جیونیوز سے گفتگو میں چیئرمین کمیٹی خورشید شاہ نے کہا کہ آئینی ترمیم پر پی ٹی آئی آج اپنا اجلاس کررہی ہے، پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامرڈوگر کی درخواست پر خصوصی کمیٹی کا اجلاس کل تک ملتوی کیا ہے۔
سینیٹرعرفان صدیقی نے کہاکہ آج نوازشریف، فضل الرحمان اور بلاول کی ملاقات میں اتفاق رائے ہوگیا تو متفقہ مسودہ کل کمیٹی کے سامنے آجائے گا۔