Time 17 اکتوبر ، 2024
پاکستان

نواز شریف کی پاکستان کی اضافی بجلی بھارت کو بیچنےکی تجویز

لاہور: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے پاکستان اور بھارت کو تلخ ماضی پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنے کی تجویز دیتے ہوئے  پاکستان کی اضافی بجلی بھارت کو بیچنے کی تجویز بھی پیش کردی۔

ایس سی او اجلاس کی کوریج کے لیے پاکستان آئے بھارتی صحافیوں سے گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ  بھارت کو بجلی چاہیے ، پاکستان کے پاس بہت بجلی ہے ، یہ بجلی ضرور بھارت کو بیچنی چاہیے، پاکستان کی طرف  سے بھارت کو سستی بجلی بیچنے کے حق میں ہوں، یہ ضرورکرنا چاہیے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ  صرف موسمیاتی تبدیلی پر تعاون نہیں، دونوں ملکوں کو تجارت شروع کرنی چاہیے، ایک دوسرے کے ساتھ کاروبار کرنا چاہیے، تعلقات اچھے ہوجائیں تو ضرورت کا سامان دو گھنٹے میں پاکستان آسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنا چاہیے، بھارتی کرکٹ ٹیم سے پوچھیں تو وہ بھی کہیں گے پاکستان آ کر کھیلنا ہے، کرکٹ کھیلنے پر راضی بھارتی کرکٹ ٹیم کو اجازت دینے والے اجازت نہیں دیتے، بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان آئے گی تو کرکٹ کے لیے بہت اچھا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ  بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اگر ایس سی او  پر پاکستان آتے تو بہت اچھا ہوتا،  بھارتی وزیراعظ٘م نہیں آئے مگر وزیر خارجہ آئے یہ بھی اچھی بات ہے،  ایس سی او سے پاک بھارت تعلقات کی اچھی شروعات ہو سکتی ہے۔

اس موقع پر موجود وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے بھارتی پنجاب دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا  اور کہا کہ بھارت اور  پاکستان کے پنجاب کو  ایک دوسرے  سے بہت کچھ سیکھنےکو مل سکتا ہے۔

مزید خبریں :