29 فروری ، 2012
کراچی … ٹینس لیجنڈ اور ریکارڈ 16 گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے والے سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کا کہنا ہے کہ میری والدہ کا تعلق جنوبی افریقا سے ہے اس لئے کرکٹ میرے خون میں شامل ہے اور میں نہ صرف کرکٹ دیکھتا ہوں بلکہ کھیلنے کی کوشش بھی کرتا ہوں۔ دبئی میں جیو نیوز کے نمائندے التمش جیوا سے گفتگو میں ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے کہا کہ میں کئی بھارتی اور آسٹریلوی کرکٹرز سے مل چکا ہوں، مجھے معلوم ہے کہ پاکستان میں کرکٹ بہت پسند کیا جاتا ہے، میری خواہش ہے کہ کبھی اسٹیڈیم میں جا کر پاکستان ٹیم کا میچ دیکھوں کیونکہ پاکستان بلاشبہ دنیا کی بہترین کرکٹ ٹیموں میں سے ایک ہے جس نے دنیا کو بہترین کھلاڑی دیئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی مداحوں کی خواہش کا میں احترام کرتا ہوں اور کوشش یہی ہوگی 17 واں گرینڈ سلم ٹائٹل جیت کر انہیں خوشی دوں۔ میں ان کی محبتوں کا شکر گزار ہوں اور میری یہ خواہش ہے کہ پاکستان جا کر اپنے مداحوں میں گھل مل جاؤں۔ راجر فیڈرر نے کہا کہ میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ خدا نے مجھے اتنی استطاعت دی کہ میں لوگوں کے کام آسکوں اسی لئے میں نے چیریٹی کیلئے راجر فیڈرر فاؤنڈیشن قائم کی ہے تاکہ لوگوں کے زیادہ سے زیادہ کام آسکوں۔