Time 20 اکتوبر ، 2024
پاکستان

بلاول کی گزشتہ شب ن لیگ کے 2 سینئر وزرا سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

بلاول کی گزشتہ شب ن لیگ کے 2 سینئر وزرا سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
 مکمل اتفاق رائے کے لیے مولانا فضل الرحمان نے ایک دن مانگا ہے، تھوڑا اور انتظار کرکے دیکھ لینا چاہیے، بلاول۔ فوٹو فائل

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی گزشتہ شب پارلیمنٹ ہاﺅس میں مسلم لیگ (ن) کے 2 سینئر وزرا سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق سینئر لیگی وزرا کا بلاول بھٹو سے کہنا تھا کہ آئینی ترامیم کے مجوزہ بل پر مزید تاخیر ہو رہی ہے تو دیگر آپشنز استعمال کرتے ہوئے حتمی مسودے سے پہلے والے مسودے پر کیوں واپس نہیں جا رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مولانا فضل الرحمان کے آئینی ترامیم کے موجودہ بل پر اتفاق کے باوجود معاملہ تاخیر کا شکار ہوتا ہے تو اس سے پہلے والے آئینی ترامیم کے مسودے پر جانا چاہیے۔

ذرائع کا بتانا ہے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا وسیع تر قومی مفاد کے لیے مولانا فضل الرحمان کو منانے کی کوشش کی جا رہی ہے، کوشش ہے مکمل اتفاق رائے سے آئینی ترامیم منظور کرائی جائیں۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا مکمل اتفاق رائے کے لیے مولانا فضل الرحمان نے ایک دن مانگا ہے، تھوڑا اور انتظار کرکے دیکھ لینا چاہیے۔

یاد رہے کہ 26 آئینی ترامیم کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس آج ہوں گے، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس سے قبل وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی ہو گا جس میں آئینی ترامیم کی منظوری دی جائے گی۔

مزید خبریں :