Time 20 اکتوبر ، 2024
پاکستان

مولانا کا جتنا شکریہ ادا کروں کم ہے، بلاول کی سب کو 26 ویں آئینی ترمیم کی پیشگی مبارکباد

مولانا کا جتنا شکریہ ادا کروں کم ہے، بلاول کی سب کو 26 ویں آئینی ترمیم کی پیشگی مبارکباد
26 ویں آئینی ترمیم میں کوئی متنازع پوائنٹ نہیں بچا، مولانا فضل الرحمان کا کردار تاریخ یاد رکھے گی: چیئرمین پیپلز پارٹی۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظوری سے قبل ہی سب کو 26 ویں آئینی ترمیم کی مبارکباد پیش کر دی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا آج تاریخی دن ہے، آپ سب کو 26 ویں آئینی ترمیم مبارک ہو۔

ان کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، مولانا صاحب کا شکر گزار ہوں، جے یو آئی نے آئینی ترامیم کے مسودے پر بہت محنت کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی سینیٹرز کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی ہے، جے یو آئی کے سینیٹرز پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا پی ٹی آئی نے ہر فورم کو استعمال کیا لیکن ترمیم پر ایک لفظ نہیں دیا، پھر بھی درخواست کرتا ہوں پی ٹی آئی قومی مفاد میں اس ترمیم کا ساتھ دے، پی ٹی آئی ارکان نے کمیٹی میں اور ملاقاتوں میں اتفاق رائے کیا تھا، میری اور مولانا کی پریس کانفرنس کے بعد پی ٹی آئی ردعمل بہت افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں کوئی متنازع پوائنٹ نہیں بچا، مولانا کا جتنا شکریہ ادا کروں وہ ناکافی ہے، مولانا کا کردار تاریخ یاد رکھے گی، ان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اپنے سینیٹرز کو پہنچنےکی ہدایات دی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا جسٹس منصور علی شاہ نے خود سنیارٹی کے ساتھ میرٹ کی بات کی، ایک جج نے مجھے اور آصفہ بی بی کو وہ انصاف دیا جو کوئی کبھی نہیں دے سکا، اس جج نے مشرف کو سزا دی، فیض آباد دھرنے کا فیصلہ دیا، پی ٹی آئی ساتھ ہو یا نہیں، ہماری کوشش ہو گی آج ہر حال میں یہ کام پورا ہو۔

مزید خبریں :