Time 24 اکتوبر ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی 26 ویں آئینی ترمیم کو عدالت میں چیلنج کرے گی: شعیب شاہین

پی ٹی آئی 26 ویں آئینی ترمیم کو عدالت میں چیلنج کرے گی: شعیب شاہین
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شعیب شاہین نے کہا ہے کہ ان کی جماعت 26 ویں آئینی ترمیم کو عدالت میں چیلنج کرے گی۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے آئینی بینچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ 26 ویں ترمیم کی بائے پروڈکٹ خود ہی ترمیم کے درست ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کرے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جسٹس یحییٰ آفریدی کی ذات سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں مگر چیف جسٹس بننا سینیئر ترین جج کا حق ہے، ہم عدالت سے استدعا کریں گے کہ اس معاملے کو فُل کورٹ سنے۔

شعیب شاہین نے مزید کہا کہ 26 ویں ترمیم اگر کالعدم ہوتی ہے تواس کے نتیجے میں جسٹس یحییٰ آفریدی کا نوٹیفکیشن بھی ختم ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی میں 8 ارکان نے ہی فیصلہ کرنا تھا جو انہوں نے کر دیا، اُس کمیٹی میں ہمارا بیٹھنا یا نہ بیٹھنا برابر تھا۔

رہنما تحریک انصاف شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ اس بات کا زیادہ امکان ہے کہ ہم جوڈیشل کمیشن کا حصہ بنیں گے۔

مزید خبریں :