Time 24 اکتوبر ، 2024
پاکستان

خفیہ اداروں کا پارلیمنٹ کے اندر ہونا بدبودار ہے اور باہر بھی غلط ہے: عمر ایوب کی گفتگو

خفیہ اداروں کا پارلیمنٹ کے اندر ہونا بدبودار ہے اور باہر بھی غلط ہے: عمر ایوب کی گفتگو
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ  26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے جس طرح نمبرز پورے کیے گئے اس کی مذمت کرتے ہیں، خفیہ اداروں کا پارلیمنٹ کے اندر ہونا بدبودار ہے اور باہر بھی غلط ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب نے کہا کہ آئینی ترمیم کیلئے بلائے گئے اجلاس کے دوران ہمارے 5 اراکین کو اغوا کرنے کے بعد وہاں پیش کیا گیا، ان کے ساتھ خفیہ اداروں کے اہلکار آئے اور زبردستی ووٹ لیے گئے۔

 انہوں نے کہا کہ خفیہ اداروں کے لوگوں نے سارے پراسس کے دوران پارلیمنٹ اہلکاروں کے یونیفارم پہن رکھے تھے۔ خواتین کو اٹھایا گیا، املاک کو نقصان پہنچایا گیا، شمالی کوریا اور برما جیسا ماحول بنایا گیا، جہاں قانون کی حکمرانی نہ ہو وہاں کوئی سرمایہ کاری نہیں کرتا۔

انہوں نےمزیدکہا کہ ہمارا احتجاج آئین و قانون کی بالا دستی پر ہے، 26 ویں آئینی ترمیم کی شقوں پر ہے، ہم عدلیہ کی عزت کرتے ہیں، جو بھی جج ہو گا اس کی کرسی کے سامنے تو کھڑا ہونا ہوگا۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی توشہ خانہ جعلی کیس میں اندر ہیں حالانکہ توشہ خانہ کے اصل مجرم زرداری اور نواز شریف ہیں۔ بشریٰ بی بی کا سیاست سے تعلق نہیں ہے انہیں بھی اس کیس میں بلا وجہ ملوث کیا گیا، ستم ظریفی یہ ہے کہ ٹرائل جج کرسی پر موجود نہیں، اس لیے روبکار جاری نہیں ہوئی، انہیں غیر قانونی طور پر جیل میں رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے یہ سب کہاں سے کنٹرول ہو رہا ہے، ججز کے ادھر ادھر چلے جانے اور اس سب میں خفیہ اداروں کا ہاتھ ہے۔ یاجوج ماجوج کے کہنے پر جج صاحبان بیٹھے نہیں، نا انصافی کا جواب انہیں قبروں میں دینا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے 16 سو لوگوں کو غیر قانونی طور پر جیلوں میں رکھا گیا ہے، علیمہ خان اور عظمیٰ بالکل معصوم ہیں انہیں بھی نشانہ بنایا گیا، آئین و قانون کی بالا دستی کیلئے ہماری جنگ جاری رہے گی۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کے کیس کی پیروی کریں گے وہ ہمارا حق بنتا ہے، قاضی فائز عیسیٰ نے کل جو فیصلہ کیا، ان سے توقع یہی تھی کہ جاتے جاتے ضرور کوئی گند کریں گے، اب ان کا وقت ہوا چاہتا ہے گھر میں بیٹھ کر کافی پیئیں اور ڈونٹس کھائیں۔

مزید خبریں :