28 اکتوبر ، 2024
کراچی: موسمیاتی تجزیہ کاروں نے شہر قائد میں نومبر کے وسط سے رات کی خنکی کے آغاز کا امکان ظاہر کردیا۔
موسمیاتی تجزیہ کاروں کے مطابق کراچی سمیت زیریں سندھ گرم موسم کی لپیٹ میں ہے جب کہ کراچی میں دن کا درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیاجارہا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کاروں کا بتانا ہے کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں کے قریب ہوا کا زائد دباؤ موجود ہے، اس زائد دباؤ کے باعث شمال مغرب اور شمال مشرق کی ہوائیں بھی متاثر ہیں اور اکتوبر کے آخر تک گرمی کی شدت میں کمی کا امکان نہیں ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کاروں کے مطابق 6 یا 7 نومبر سے ہوا کے زائد دباؤ کے اثرات کم ہونا شروع ہوں گے جب کہ نومبر کے وسط سے دن کا درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کاروں کا مزید کہنا ہے کہ نومبر کے وسط سے رات کی خنکی کا آغاز ہونے کا امکان ہے۔