04 نومبر ، 2024
اسپین میں تاریخ کے بدترین سیلاب کے دوران 3 دن تک انڈرپاس کے اندر گاڑی میں پھنسے رہنے والی خاتون کرشماتی طور پر زندہ بچ گئی۔
یہ واقعہ Benetússer نامی علاقے میں پیش آیا جہاں یہ خاتون (اس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا) سفر کر رہی تھی جب اس کی گاڑی سیلابی لہروں میں پھنس کر بہنے لگی۔
یہ گاڑی سیلابی لہروں کے باعث ایک انڈرپاس میں پہنچ گئی اور دیگر گاڑیوں کے نیچے دب گئی۔
یکم نومبر کو اس انڈرپاس کے قریب امدادی کام کرنے والے افراد نے 'ڈاکٹر، ڈاکٹر' کی آوازیں سنی تو وہ فوراً اس جانب گئے۔
انہیں یہ آوازیں گاڑیوں کے ڈھیر کے نیچے سے آتی ہوئی محسوس ہوئیں۔
کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد وہ گاڑیوں اور ملبے کو ہٹا کر راستہ بنانے میں کامیاب ہوئے اور خاتون کو آزاد کرالیا۔
خاتون کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی میڈیا نے خاتون کے بچ جانے کو کرشمہ قرار دیا ہے۔
سول پروٹیکشن سروس کے سربراہ مارٹن پیریز نے کہا کہ '3 دن کے بعد ہم نے کسی کو گاڑی میں زندہ دریافت کیا جو کسی کرشمے سے کم نہیں'۔
خیال رہے کہ اسپین کے مختلف حصوں میں تاریخ کے بدترین سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 217 ہوگئی ہے۔