Time 17 نومبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

ٹائی ٹینک کے 700 سے زائد مسافروں کو بچانے والے کپتان کی طلائی گھڑی ریکارڈ قیمت میں فروخت

ٹائی ٹینک کے 700 سے زائد مسافروں کو بچانے والے کپتان کی طلائی گھڑی ریکارڈ قیمت میں فروخت
یہ وہ جیبی طلائی گھڑی ہے / فوٹو بشکریہ The Guardian

15 اپریل 1912 کو رات کے 2 بج کر 20 منٹ پر برطانیہ سے امریکا کی جانب اپنا پہلا سفر کرنے والا بحری جہاز ٹائی ٹینک نیو فاؤنڈ لینڈ کے ساحل سے لگ بھگ 400 میل دور برفانی تودے سے ٹکرا کر ڈوب گیا۔

ٹائی ٹینک تیار کرنے والوں نے اسے کبھی نہ ڈوبنے والا جہاز قرار دیا تھا اور یہ اپنے عہد کا سب سے پرتعیش بحری جہاز بھی تھا۔

مگر یہ اپنے پہلے سفر کے دوران ہی بحر اوقیانوس میں غرق ہوگیا اور اس پر سوار ڈیڑھ ہزار افراد ہلاک ہوگئے۔

ٹائی ٹینک کا حادثہ جب سے لوگوں کے ذہنوں میں زندہ ہے اور اس پر سوار 700 سے زائد افراد کو بچایا بھی گیا۔

ان افراد کو بچانے میں آر ایم ایس کارپیتھیا نامی بحری جہاز کے کپتان آرتھر روسٹرن نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

اب ان کی جیبی طلائی گھڑی ریکارڈ قیمت پر نیلام ہوئی ہے۔

یہ گھڑی 15 لاکھ 60 ہزار پاؤنڈز (54 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) میں نیلام ہوئی ہے۔

یہ اب تک ٹائی ٹینک سے جڑی اشیا میں سب سے زیادہ قیمت پر فروخت ہوئی ہے جسے امریکا کے کسی فرد نے خریدا ہے۔

برطانیہ کے ایک آکشن ہاؤس ہنری ایلڈرج اینڈ سن نے اس جیبی گھڑی کو نیلام کیا۔

اس سے قبل اپریل 2024 میں ٹائی ٹینک پر سوار اس عہد کے امیر ترین شخص جان جیکب آسٹر کی طلائی گھڑی 12 لاکھ برطانوی پاؤنڈز میں فروخت ہوئی تھی، مگر اب یہ ریکارڈ آرتھر اسٹرون کی گھڑی نے توڑ دیا ہے۔

کمپنی کے مطابق 15 لاکھ 60 ہزار پاؤنڈز میں تمام ٹیکسز اور فیسیں بھی شامل ہیں۔

کارپیتھیا  کے کپتان اس وقت 47 سال کے تھے جب انہوں نے ٹائی ٹینک سے لائف بوٹس پر نکلنے والے 705 مسافروں کو بچایا تھا۔

آرتھر روسٹرن کو یہ گھڑی ٹائی ٹینک پر سوار ان کی اہلیہ میڈیلین اور 2 ایسی خواتین نے جان بچانے پر دی تھی جن کے شوہر بحری جہاز کے ساتھ ڈوب گئے تھے۔

18 قیراط سونے سے بنی گھڑی پر ان خواتین کی جانب سے آرتھر روسٹرن کا شکر گزاری کا اظہار کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ رواں سال فروخت ہونے والی طلائی گھڑیوں سے قبل ٹائی ٹینک سے ملنے والی اشیا میں سب سے زیادہ قیمت پر نیلام ہونے کا ریکارڈ ایک وائلن کے پاس تھا جو 2013 میں 11 لاکھ پاؤنڈز میں فروخت ہوا تھا۔

مزید خبریں :