19 نومبر ، 2024
برطانوی بادشاہ چارلس سوئم کی رہائش گاہ ونڈسر کیسل میں داخل ہونے والے چور 2 گاڑیاں چرانے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
یہ واقعہ 13 اکتوبر کو پیش آیا تھا مگر اس کے بارے میں تفصیلات اب سامنے آئی ہیں۔
برطانوی اخبار دی سن نے 17 نومبر کو ایک رپورٹ میں بتایا کہ 2 چوروں نے ونڈسر کیسل کے میدانوں میں واقع ایک فارم کو ہدف بنایا اور باڑ کو پھلانگ کر اندر داخل ہوئے۔
ٹیمز ویلی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ملزمان ایک فارم کی عمارت میں داخل ہوئے اور گاڑیاں چرا کر بھاگ گئے۔
ترجمان کے مطابق اب تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہے۔
دوسری جانب اخباری رپورٹ میں بتایا گیا کہ چوروں 6 بڑی لمبی باڑ کو پھلانگ کر میدان میں داخل ہوئے اور واپسی میں چوری کی گئی گاڑی سے فارم کے گیٹ کو توڑتے ہوئے بھاگ گئے۔
گاڑی گیٹ سے ٹکرانے پر عملے کو چوروں کا علم ہوا تھا۔
لندن کے مغرب میں 20 میل دور واقع 16 ہزار ایکڑ رقبے پر پھیلے ونڈسر کیسل کے ایڈیلیڈ کاٹیج میں اس وقت شہزادہ ولیم اور ان کا خاندان رہائش پذیر ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ مانا جار ہا ہے کہ جب چوری کا واقعہ پیش آیا تو شہزادہ ولیم اپنے خاندان کے ساتھ کاٹیج میں ہی موجود تھے۔
البتہ برطانوی بادشاہ اور ان کی اہلیہ اس وقت وہاں موجود نہیں تھیں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب ونڈسر کیسل میں کوئی غیر قانونی طور پر داخل ہوا ہو۔
اس سے قبل 2021 میں ایک شخص تیر کمان کے ساتھ ونڈسر کیسل میں داخل ہوا تھا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔