08 نومبر ، 2024
بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کی اسمبلی سے آرٹیکل 370 کے خاتمے کیخلاف منظور قرارداد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرٹیکل 370 کی دیوار قبرستان میں گاڑھ دی ہے، دنیا کی کوئی طاقت 370 دوبارہ نہیں لاسکتی۔
اگست 2019 میں بھارتی سرکار نے یکطرفہ اقدام سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بدل دی تھی، مقبوضہ کشمیر کی نئی اسمبلی کے پہلے ہی اجلاس میں اراکین نے مطالبہ کیا تھا کہ علاقے کا خصوصی درجہ بحال کیا جائے۔
نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد نے قرارداد منظور کرکے نئی دہلی سے مطالبہ کیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بحال کی جائے۔
دوران اجلاس بی جے پی کے اراکین اسمبلی نے پی ڈی پی کی جانب سے پیش قراداد کی کاپیاں چھیننے کی کوشش بھی کی تھی جس پر سارجنٹ آف آرمز نے ہنگامہ آرائی کرنے والے بی جے پی اراکین کو باہر نکال دیا۔
بھارت کی سپریم کورٹ کے سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس نے بھی آرٹیکل 370 منسوخ ہونے کی توثیق کی تھی مگر ریاستی انتخابات کرانے کا بھی حکم دیا تھا۔