Time 08 نومبر ، 2024
پاکستان

’بلوچ یکجہتی کمیٹی کے احتجاج میں ذہن سازی کی گئی‘، کالعدم بی ایل اے کے طلعت عزیز نے ہتھیار ڈال دیے

کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے جنگجو طلعت عزیز نے ہتھیار ڈال دیے اور  قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

کوئٹہ میں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) چھوڑنے والے طلعت عزیز  نے صوبائی حکام کے ہمراہ گفتگو کی۔ 

طلعت عزیز نے بتایاکہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے احتجاج میں میری ذہن سازی کی گئی، مجھے قائل کیا گیا کہ معصوموں کوقتل کروں مجھے کہا گیا پہاڑوں پرنئی زندگی ملے گی، میری طرح پہاڑوں پراوربھی نوجوان موجود تھے۔

انہوں نے بتایاکہ کالعدم بی ایل اے سے پوچھا کہ آپ یہ سب کیا کررہے ہیں؟ کالعدم  بی ایل اے کے لوگ کیمپوں میں بیٹھ کرپنجابیوں کومارنے کی منصوبہ بندی کرتے تھے، بی ایل اے والے ملک توڑنےکی سازش کررہے تھے، جب پہاڑوں پر سب دیکھا توبھاگنے کا منصوبہ بنایا۔

طلعت عزیز کا کہنا تھاکہ اپنے تمام بلوچ بہن بھائیوں سے کہتا ہوں ایسے لوگوں کی باتوں میں نہ آئیں، بلوچ یکجہتی کمیٹی کے جلسوں میں ذہن سازی کرکےگمراہ کیا جاتا ہے اور  مجھے ان لوگوں نے اتناگمراہ کیا کہ میں نے اپنےاور اپنےخاندان کی عزت کے بارےمیں بھی نہیں سوچا۔

انہوں نے بتایاکہ میں پنجاب سے تعلیم حاصل کر رہا ہوں، میری پنجابیوں سےکوئی دشمنی نہیں۔

صوبائی وزیرعبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ ریاست کبھی کمزور تھی نا ہے نا ہوگی، دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کریں گے یہ کون سی قومیت ہے کہ معصوم بچے کو شہید کرکے آپ آزادی لیناچاہتےہیں؟ کیا یہ آزادی ہے یا وحشی پن ہے، دہشت گرد نہتے لوگوں کو نشانہ بناتےہیں،یہ وحشی لوگ ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پنجابی سے نفرت کے تاثر کو مٹاکر چھوڑیں گے، امن قائم کریں گے، طلعت عزیز اپنی تعلیم مکمل کرے گا اورپنجاب حکومت بھی معاونت کرے گی۔

مزید خبریں :