Time 09 نومبر ، 2024
پاکستان

ہم چاہتے ہیں عوام سردیوں میں گیس کی جگہ بجلی استعمال کریں: اویس لغاری

وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری کا کہنا ہےکہ ہم چاہتے ہیں عوام سردیوں میں گیس کی جگہ بجلی استعمال کریں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اویس لغاری کا کہنا تھا کہ  وزیر اعظم نےگزشتہ روز  بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا، بجلی کی قیمتوں میں کمی  سے عوام کو ریلیف  دے رہے ہیں، چاہتے ہیں ایسا پیکج ہر سال چھ ماہ کے لیے لائیں۔

اویس لغاری نے کہا کہ این ٹی ڈی سی کی وجہ سے ترسیلی نظام درست نہیں تھا، این ٹی ڈی سی کو تین کمپنیوں میں تقسیم کر رہے ہیں، بجلی کے نئے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی  بنایا جائےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اضافی بجلی کی قیمتیں انتہائی کم کر دی ہیں، انڈسٹری سمیت تمام صارفین کو فی یونٹ 26 روپے  ریلیف دیا جائےگا، سستی بجلی سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، سردیوں میں مہنگی گیس کی جگہ سستی بجلی دستیاب ہوگی۔

ایک سوال پر  وفاقی وزیر نے بتایا کہ  بجلی چوری میں کمی،  ریکوری اور گردشی قرض کے حوالے سے بہتری آئی ہے، بجلی سہولت پیکج سے بجلی کی مانگ بڑھےگی، اگلے 10 سال میں 88 فیصد کلین توانائی پیدا کر رہے ہیں، پاکستان کو فخر ہےکہ ہم خطے میں گرین توانائی فراہم کرنے  والے ہیں۔

مزید خبریں :