11 نومبر ، 2024
لندن میں پاکستان ہائی کمیشن نے کسی کو نامزد کئے بغیر سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر حملے کے واقعے سے متعلق باضابطہ شکایت درج کروادی۔
جیو نیوز کو پاکستانی ہائی کمیشن کی شکایت سے متعلق تصدیق کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس پاکستان پر حملے سے آگاہ ہیں، واقعہ سٹی آف لندن میں پیش آیا جہاں کی پولیسنگ سٹی آف لندن کے ذمہ ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈپلومیٹک پولیس کے ذریعے سٹی آف لندن سے رابطہ کیا، پولیس نے ابھی تک ایکشن نہیں لیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں حکام نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے، پاکستانی حکام نے حملے میں ملوث 23 افراد کی نشاندہی کرکے ان کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیے ہیں۔
پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شایان علی اور ملیکہ بخاری کے نام بھی شامل ہیں، پاکستانی حکام کی جانب سے حملے پر اکسانے میں ملوث 6 افراد کے خلاف مزید سخت اقدام بھی کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مظاہرے کرنے والے 153 دوسری شہریت کے حامل افراد کے نام بھی پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہیں۔