11 نومبر ، 2024
اگر آپ گاڑی چلانا سیکھ رہے ہوں تو سب سے پہلے جو ہدایت دی جاتی ہے وہ یہ ہے کہ سائیڈ ویو مرر میں نظر آنے والی چیزوں کے بارے میں محتاط رہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ سائیڈ ویو مرر میں نظر آنے والی چیزوں کا فاصلہ وہ نہیں ہوتا جو آپ دیکھ رہے ہوتے ہیں۔
مگر ایسا کیوں ہوتا ہے؟ اس کی وجہ کافی دلچسپ ہے۔
درحقیقت اس کی وجہ سائیڈ ویو مرر کے ڈیزائن میں چھپی ہوئی ہے۔
اس کا ڈیزائن کروی ہوتا ہے اور اس ساخت سے ڈرائیور کو زیادہ وسیع نظارہ کرنے میں مدد ملتی ہے اور وہ رکاوٹوں کو دیکھنے کے قابل ہو جاتے ہیں جس سے حادثات سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
مگر اس ڈیزائن کا منفی پہلو یہ ہوتا ہے کہ وہ اشیا کے حجم کو بدل دیتا ہے اور ان کا فاصلہ حقیقت سے مختلف محسوس ہوتا ہے، یعنی وہ قریب کی بجائے دور نظر آنے لگتی ہیں۔
مثال کے طور پر پیچھے موجود گاڑی ذرا دور محسوس ہوتی ہے اور اگر آپ اس کو درست مان لیں تو حادثے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ڈرائیورز کو شروع میں ہی سائیڈ ویو مرر کی اس خامی سے آگاہ کیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنا تحفظ یقینی بناسکیں۔