24 فروری ، 2013
لاہور… پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کی حکومت تعلیمی اداروں میں"مار نہیں، پیار" کے فلسفے پر عمل پیراہے۔ جس بچی کی آنکھ میں نجی اسکول کی ٹیچر نے پین مارا،اس بچی کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔محمد شہباز شریف ہیلے کاپٹرکے ذریعے اٹک روانگی سے قبل والٹن ایئر پورٹ لاہور پر جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ انہیں نجی تعلیمی ادارے میں اسکول ٹیچرکے طالبہ کی آنکھ میں پین مارنے کے واقعے کا دکھ ہوا،وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ سرکاری اورنجی تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات پرجسمانی تشدد کرنیوالوں کے خلاف ہرممکن کارروائی کی جائے گی اور اس سلسلہ میں قانون سازی بھی کی جائے گی، ایک سوال پروزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب متاثر ہ بچی ملائیکہ کے علاج کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیگی۔