15 نومبر ، 2024
لاہور: پنجاب اسمبلی نے ترمیمی زرعی انکم ٹیکس پنجاب 2024 بل منظور کرلیا۔
اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی تمام ترامیم کو مسترد کردیا گیا۔
ترمیمی بل کے ذریعے زرعی زمین پر انکم ٹیکس کی چھوٹ ختم کی جائےگی۔ زرعی انکم ٹیکس بل کی منظوری سے لائیو اسٹاک پر بھی ٹیکس لاگو کیا جائےگا۔
زرعی زمین کےساتھ لائیواسٹاک سے کمائی جانے والی آمدن پر بھی ٹیکس ہوگا۔ بل کی منظوری کے بعد زیادہ آمدن والے کسانوں پر سپر ٹیکس لاگو کیا جائےگا۔ لائیو اسٹاک کا تصور پنجاب لائیو اسٹاک بریڈنگ ایکٹ 2014 کے مطابق ہوگا۔
بل کے متن کے مطابق 12 لاکھ سے کم زرعی آمدنی والے ٹیکس نادہندہ پر 10 ہزار جرمانہ ہوسکےگا، 4 کروڑ سے کم زرعی آمدنی والے زرعی ٹیکس نا دہندہ پر 25 ہزار جرمانہ ہوسکےگا، 4 کروڑ سے زیادہ زرعی آمدنی والے زرعی ٹیکس نا دہندہ پر 50 ہزار جرمانہ ہوگا۔
ایجنڈا مکمل ہونے پرپنجاب اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔