15 نومبر ، 2024
بھارت میں ایک اور کرکٹر کے والد نے اسٹار کرکٹرز پر بیٹے کے کیرئیر کے 10 سال برباد کرنے کا الزام عائد کردیا۔
سنجو سیمسن جنوبی افریقا کے خلاف جاری4 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھارتی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
سیریز کے افتتاحی میچ میں سنجو نے جنوبی افریقا کے خلاف ریکارڈ ساز 50 گیندوں پر 107 رنز کی اننگز کھیلی ہے، ان کی شاندار سینچری نے بھارتی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
اس سے قبل بھی سنجو بنگلادیش کے خلاف بھارت کی جانب سے 47 گیندوں پر 111رنز کی شاندار اننگز کھیل چکے ہیں۔
تاہم اب بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران سنجو سیمسن کے والد نے بھارت کے اسٹارز کرکٹرز پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ویرات کوہلی، ایم ایس دھونی، راہول ڈریوڈ اور روہت شرما جیسے کھلاڑیوں نے میرے بیٹے کو کھیلنے کا موقع نہ دے کر کر اس کے کیرئیر کے 10 قیمتی سال ضائع کردیے۔
وشوناتھ سیمسن نے کہا کہ یہاں 3 سے 4 ( ایم ایس دھونی ،ویرات کوہلی، روہت شرما، اور راہول ڈریوڈ ) جیسے کپتان اور کوچ ہیں جن کے فیصلوں نے میرے بیٹے کے کیرئیر کے 10 سال برباد کردیے۔
سنجو کے والد نے بیٹے کے اعتماد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسے جتنا نقصان پہنچاتے تھے، سنجو نے اتنی ہی مضبوطی سے ان فیصلوں کا سامنا کیا۔
سنجو کے والد نے بھارتی ٹیم کی موجودہ اور سابقہ قیادت پر کڑی تنقید کے ساتھ سابق کرکٹر کرس سریکانت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ سنجو کی کیرئیر کی پہلی بنگلادیش کے خلاف سینچری کے بعد جس چیز نے مجھے نقصان پہنچایا وہ کرکٹر کرس سریکانت کے تبصرے تھےجس میں انہوں نے کہا تھا کہ 'سنجو نے کس کے خلاف سینچری بنائی ؟ بنگلادیش کےخلاف؟'
وشوناتھ سیمسن کا کہنا تھا کہ سینچری تو سینچری ہوتی ہے اورسری کانت نے خود بنگلادیش کے خلاف صرف 26 رنز بنائے تھے، سنجو سچن ٹنڈولکر اور راہول ڈریوڈ کی طرح کلاسیکل ٹچ رکھنے والا کرکٹر ہے۔