پاکستان
25 فروری ، 2013

بجلی کی مکمل بحالی کا انحصار کے ای ایس سی اور حبکو پاور پلانٹ پر ہے: رائے سکندر

 بجلی کی مکمل بحالی کا انحصار کے ای ایس سی اور حبکو پاور پلانٹ پر ہے: رائے سکندر

اسلام آباد…سیکرٹری پانی و بجلی رائے سکندر نے کہا ہے کہ بجلی کی مکمل بحالی کا انحصار اس بات پر ہے کہ کے ای ایس سی اور حبکو پاور پلانٹ کب تک بجلی پیدا کرنا شروع کرتے ہیں۔ اسلام آباد میں رات گئے پریس کانفرنس کے دوران سیکریٹری پانی و بجلی نے بتایا کہ رات گیارہ بجکر 45 منٹ پر حبکو پاور پلانٹ فنی خرابی کی وجہ سے بند ہوگیا، یہاں سے بارہ سو میگا واٹ بجلی پیدا ہورہی تھی۔ حبکو سے بجلی منقطع ہونے سے تربیلا اور منگلا پاور اسٹیشن بھی بند ہوگئے ، انہوں نے بتایا کہ سسٹم میں بتدریج بجلی آرہی ہے۔ تربیلا اور منگلا اسٹیشن بحال کردیئے گئے ہیں اور کشمیر سے کالا شاہ کاکو تک بجلی بحال ہوگئی ہے۔ لاہور اور پشاور کے کچھ علاقوں ، سوات ، شانگلہ بونیر اور چترال میں بھی بجلی بحال ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب کے ای ایس سی سے سو پچاس میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی تو یہ حبکو کو فیڈ کرے گی اور حبکو کے پلانٹ بھی چلنا شروع ہوجائیں گے جس کے بعد بجلی مکمل طور پر بحال ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سارے عمل میں اب بھی تقریباً تین گھنٹے لگ سکتے ہیں۔سیکریٹری پانی و بجلی نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر بجلی کے بریک ڈاوٴن کی شفاف تحقیقات کرائیں گے ، اس مقصد کے لئے انکوائری ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بجلی منقطع ہونے سے پاور سسٹم میں کوئی خرابی نہیں آئی ہے۔ پریس کانفرنس میں موجود آئیسکو چیف نے بتایا کہ اسلام آباد ریجن کے تمام گرڈ اسٹیشن بحال کردیئے گئے ہیں اور مختلف علاقوں کو بتدریج بجلی فراہم کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :