Time 18 نومبر ، 2024
پاکستان

بلوچستان کی زمین زعفران کی کاشت کیلئے بہترین ہے: زرعی ماہرین

بلوچستان کے زمینداروں کے لیے اچھی خبر   یہ  ہے کہ  صوبے کی آب وہوا  زعفران کی کاشت کے لیے موزوں ہے، زرعی ماہرین کا کہنا ہےکہ ایک ایکڑ  زمین پر ایک کلو  زعفران کی پیداوار  ہوسکتی ہے۔

کوئٹہ میں ادارہ  زرعی تحقیق کے زیر اہتمام زعفران کی کاشت کے حوالے سے آگہی سیمینار  منعقد کیا گیا۔

اس موقع پر زرعی ماہرین کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی زمین اور  آب و ہوا زعفران کی کاشت کے لیے بہترین  ہے، بغیرکھاد  اور کم پانی سے یہاں زعفران کی کاشت ممکن ہے اور صوبے میں زعفران کی کاشت کا تجربہ کامیاب رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہےکہ صحت کے شعبے میں زعفران کا استعمال زیادہ ہے اس لیے روز بروز زعفران کی مانگ بڑھ رہی ہے، مقامی زمینداروں کو زعفران کی کاشت، اس کی کٹنک اور سکھانے سے لے کر مارکیٹنگ تک کے تمام طریقے اور سہولیات مہیا کرنا ہوں گی۔

ماہرین کے مطابق آرمینیا، اسپین اور ایران سمیت دنیا کے کئی ممالک میں بڑے پیمانے پر زعفران کی کاشت کامیابی سے جاری ہے اور ان ممالک نے اسے کمرشلائزڈ کر دیا ہے جہاں اس کی فی کلو قیمت تقریباً  5 سے 9 لاکھ روپے تک ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں زعفران ابھی تک کمرشلائزڈ نہیں ہے، کمرشلائزڈ بنیادوں پر اس کی کاشت ہوگی تو قیمت بھی مقرر ہوسکے گی۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلوچستان کے زمینداروں کو زعفران کی کاشت کے لیے تربیت دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اس منافع بخش فصل سے فائدہ اٹھاسکیں۔

مزید خبریں :