Time 19 نومبر ، 2024
پاکستان

ایپکس کمیٹی اجلاس میں کسی کو کسی سیاسی بات کا کوئی سیاسی جواب نہیں ملا: احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال  نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی اجلاس میں کسی کو کسی سیاسی بات کا کوئی سیاسی جواب نہیں ملا۔ 

جیو نیوز کے پروگرام  آج شاہ زیب خانزادہ کیساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھاکہ نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی اجلاس کا دو ٹوک پیغام تھا کہ سیاسی اور معاشی بحالی کے حوالے سے کسی کو کھیلنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فورم پرایسی گفتگو نہیں ہوئی کہ کوئی ایک صوبہ دوسرے صوبے پر کوئی باغیانہ کارروائی کرے۔

احسن اقبال نے امید ظاہر کی کہ شاید پی ٹی آئی کے سمجھدار لوگ بانی پی ٹی آئی کو قائل کرنے میں کامیاب ہوجائیں۔

اس سے قبل وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے پروگرام کیپٹل ٹاک میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے ایپکس کمیٹی میں 99 فیصد صوبے میں دہشت گردی کے حوالے سے بات کی، انہوں نے تبرکاً ایپکس کمیٹی میں بانی تحریک انصاف کی قید اور ان کی بے گناہی اور جلسے کی اجازت پر ہلکی پھلکی بات کی۔

ان کا کہناتھاکہ بانی تحریک انصاف کو اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے لیے 9 مئی کا پل عبور کرنا ہوگا، اگر بانی تحریک انصاف یہ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے 9 مئی کو کچھ نہیں کیا تو پھر حالات نہیں سدھر سکیں گے۔

مزید خبریں :