19 نومبر ، 2024
دواؤں کی قلت کے باعث غزہ کے ڈاکٹر زخمیوں کے علاج کے لیے سرکہ استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔
دا بیورو آف انویسٹی گیشن جرنلزم کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں ادویات کی شدید قلت ہے جس کے باعث زخمیوں کے علاج معالجے میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں، دوائیں نہ ہونے کے باعث زخموں میں "سپر بگ" سرایت کرگیا ہے۔
غزہ کے اسپتالوں میں 70 فیصد زخمیوں میں سپر بگ وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔
ایک فلسطینی ڈاکٹر کے مطابق انفیکشن کا علاج کرنے اور زخموں کی دیکھ بھال کرنے کے لیے ضروری بنیادی سامان کی انتہائی کمی ہے اس لیے وہ جو کچھ ہوسکتا ہے وہ کر رہے ہیں۔
غزہ کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے جب کہ دوائیں نہ ہونے کے برابر ہیں جس کے باعث بعض ڈاکٹر زخموں کو صاف کرنے اور علاج کرنے کے لیے سرکےکا استعمال کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ سپر بگ سے مراد ایسے جراثیم ہیں جو اپنے اندر اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف مزاحمت پیدا کر لیتے ہیں اور زیادہ تر جراثیم کش ادویات ان پر قابو پانے میں ناکام رہتی ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے غزہ میں پناہ گزین کیمپوں اور اسپتالوں پر وحشیانہ حملے جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 50 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
ادھر دربدر فلسطینیوں کے لیے بارش کے باعث مزید مشکلات کھڑی ہوگئی ہیں، خیموں میں بارش کا پانی بھرگیا ہے۔