20 نومبر ، 2024
بھارت میں فلموں کیلئے سیکڑوں کروڑ کا بجٹ تو عام سی بات ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ بھارت کا ایک ٹی وی شو ایسا بھی ہے جس کا بجٹ 500 کروڑ بھارتی روپوں سے بھی زیادہ تھا؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں ہی تیار کیے گئے سب سے مہنگے ٹی وی شو کا بجٹ تقریباً 2 کروڑ روپے فی ایپی سوڈ تھا جو دنیا بھر میں مقبول ہوا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 18-2017 کا تاریخی ڈرامہ’ پورس‘ بھارت کا سب سے مہنگا ٹی وی شو ہے جس سے متعلق 2017 میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شو کا بجٹ 500 کروڑ بھارتی روپے ہے جو اس وقت بھارت میں بنی کسی فلم سے بھی زیادہ تھا۔
اس بجٹ کا موازنہ اگر آج کی فلموں سے کیا جائے تو بھارت میں اب تک 3 فلموں (Adipurush ، RRR اور Kalki 2898 AD ) کا بجٹ اس سے بھی زیادہ ہے لیکن اس کے باوجود ڈرامہ پورس آج بھی بھارتی شو میں سب سے زیادہ بجٹ رکھنے والا ڈرامہ ہے۔
بھارت کی مہنگی ترین فلمیں باہوبلی 2 کا بجٹ (250 کروڑ)، برہمسترا پارٹ ون (350 کروڑ)، جوان (300 کروڑ)، اور یہاں تک کہ سنگھم اگین (350 کروڑ) کے بجٹ سے تیار کی گئی تھیں اس حساب سے پورس کا بجٹ ان فلموں سے بھی کہیں زیادہ ہے۔
سواستیک پروڈکشن کے بینر تلے سدھارتھ کمار تیواری کا یہ ڈرامہ پورس 2017 میں شروع کیا گیا تھا جب کہ اس ڈرامے کا اختتام 2018 میں ہوا۔
ڈرامہ پورس کی کہانی تاریخ کے پوروا بادشاہ پر مبنی تھی جس نے چوتھی صدی میں یونانی شہنشاہ سکندر سے مشہور جنگ لڑی تھی۔
ڈرامے کے پروڈیوسر اسے فلم باہوبلی کی طرح شاندار بنانے کا ارادہ رکھتے تھے، یہی وجہ تھی کہ اس ڈرامے کیلئے بڑے پیمانے پر سیٹ تیار کیے گئے اور شو کے جنگی ایپی سوڈز کیلئے ہزاروں لوگوں کی اضافی خدمات حاصل کی گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈرامے کی 299 اقساط کی سیریز کے فی ایپی سوڈ کا بجٹ ایک کروڑ 70 لاکھ روپے تھا۔