20 نومبر ، 2024
واشنگٹن: نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈبلیو ڈبلیو ای (WWE) کی سابق چیف ایگزیکٹیو آفیسر رہنے والی لنڈا میک موہن کو سیکرٹری تعلیم نامزد کر دیا۔
صدارتی انتخابات جیتنے کے بعد ڈونلڈٹرمپ کی جانب سے اپنی کابینہ کےلیے نامزدگیاں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور حیران کن قدم اٹھاتے ہوئے ڈبلیو ڈبلیو ای (WWE) کی سابق سی ای او اور شریک بانی لنڈا مک موہن کو سیکرٹری تعلیم نامزدکردیا ہے۔
لنڈا میک موہن ٹرمپ کی سابق اتحادی اور ٹرانزیشن کو چیئر (Transition Co-Chair) بھی رہی ہیں، وہ ریپبلکن پارٹی کی ڈونر (فنڈز دینے والی) ہیں اور ٹرمپ کی سابق حکومت میں اسمال بزنس ایڈمنسٹریشن کا حصہ بھی رہی ہیں۔
لنڈا میک موہن کو سیکرٹری تعلیم مقرر کرنے کے بعد ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میک موہن امریکی طلبا اور کارکنوں کی اگلی نسل کو بااختیار بنانے کے لیے اپنے دہائیوں کے قائدانہ تجربے، تعلیم اور کاروبار دونوں کی گہری سمجھ بوجھ کا استعمال کریں گی۔
واضح رہے کہ اس سےقبل ٹرمپ مشہور ڈاکٹر اور سابق ٹیلی ویژن میزبان مہمت اوز (Mehmet Oz)کو مرکزی صحت ڈپارٹمنٹ کا سربراہ جبکہ تجارت کے سیکرٹری کے لیے ہاورڈ لٹنک(Howard Lutnick) کو نامزد کرچکےہیں۔
اس کے علاوہ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کو ٹرمپ کی جانب سے حکومتی کارکردگی بہتر کرنے کے ادارے (DOGE) کا سربراہ نامزد کیا گیا ہے۔