03 دسمبر ، 2024
غزہ میں اسرائیلی یرغمالیوں سے متعلق بیان جاری کرتے ہوئے حماس نے اسرائیل کو اپنی احمقانہ جنگ سے خبردار کردیا۔
غزہ میں یرغمالیوں سے متعلق اپنے بیان میں حماس کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیل کی 14 ماہ کی جنگ میں 33 یرغمالی ہلاک، کچھ لاپتا ہوچکے ہیں۔
حماس کا کہنا تھا کہ اسرائیل اپنی احمقانہ جنگ سے یرغمالیوں کو ہمیشہ کیلئے کھو سکتا ہے۔
حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کو یرغمالیوں کیلئے جو کچھ کرنا ہے کرلے اس سے پہلے کہ بہت دیرہو جائے۔
ادھر امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے غزہ میں سیزفائر اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے فوری ڈیل کی تردید کردی ۔
ایک بیان میں امریکا کے مشیر برائے قومی سلامتی جیک سلیوان نے کہا کہ وائٹ ہاؤس غزہ میں سیز فائر اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کام کررہا ہے لیکن ہم اب تک حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے غزہ میں حملوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ صیہونی فوج کی جانب سے شمالی غزہ کے محاصرے کو بھی دو ماہ ہو گئے۔
صیہونی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 50 سے زیادہ فلسطینی شہید کر دیے جبکہ فلسطینیوں کے امدادی قافلوں پر انتہاپسند اسرائیلیوں نے حملے کیے۔
اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی نے کرم ابو سالم کراسنگ سے امداد کی ترسیل روک دی ہے۔
لبنان میں بھی جنگ بندی کے باوجود اسرائیل نے فضائی حملے کیے جن کے نتیجے میں ایک لبنانی فوجی سمیت 4 افراد شہید ہو گئے۔