03 دسمبر ، 2024
آسٹریلیا کے سابق لیجنڈری کرکٹر سر ڈان بریڈمین کی تقریباً 80 سال پرانی ٹیسٹ 'بیگی گرین کیپ' کروڑوں روپے میں نیلام ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 3 دسمبر کو سڈنی کے مقامی نیلام گھر میں سر ڈان بریڈمین کی بیگی گرین کیپ 3 لاکھ 90 ہزار آسٹریلوی ڈالرز میں نیلام ہوئی۔ یہ رقم پاکستانی کرنسی میں 7 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آنجہانی سر ڈان بریڈمین نے یہ ٹیسٹ کیپ اپنی آخری ٹیسٹ سیریز کے دوران پہنی تھی، جو 48-1947 میں بھارت کے خلاف آسٹریلیا میں کھیلی گئی تھی۔
اس سیریز میں بریڈمین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی 100ویں فرسٹ کلاس سنچری اسکور کی تھی۔ دائیں ہاتھ کے بیٹر نے 6 اننگز میں 715 رنز بنائے تھے جس میں 3 سنچریاں اور ایک کو ڈبل سنچری شامل تھی۔
رپورٹ کے مطابق نیلام کی گئی بریڈمین کی یہ کیپ وہ واحد بیگی گرین کیپ ہے جو اس سیریز سے اب تک محفوظ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بریڈمین نے یہ کیپ بھارتی ٹیم کے اس وقت کے منیجر پنکج کمار گپتا کو تحفے میں دی تھی بعد میں کئی عرصے بعد ایک کلیکٹر نے یہ کیپ خریدی اور اسے بریڈمین میوزیم میں عطیہ کر دی جس کے بعد اسے اب نیلام کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بریڈمین کو کرکٹ کی تاریخ کا سب سے عظیم بیٹر مانا جاتا ہے۔ انہوں نے 52 ٹیسٹ میچز میں 99.94 کی اوسط سے 6996 رنز بنائے، جن میں 29 سنچریاں اور 13 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ وہ طویل فارمیٹ میں سب سے زیادہ ڈبل سنچریوں (12) کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔
سر ڈان بریڈ مین 2001 میں 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
بیگی گرین کیپ سبز رنگ کی ڈھیلی ڈھالی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی ایک منفرد اور مشہور ٹوپی ہے، یہ صرف ان کھلاڑیوں کو دی جاتی ہے جو ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہیں۔
یہ ٹوپی آسٹریلوی کھلاڑیوں کے لیے ایک علامتی حیثیت رکھتی ہے اور بیگی گرین ٹوپی کو نہ صرف کرکٹ کی تاریخ میں ایک منفرد مقام حاصل ہے بلکہ یہ کھلاڑیوں کے لیے فخر اور اعزاز کی علامت بھی سمجھی جاتی ہے۔