26 فروری ، 2013
اسلام آباد…الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کی جعلی ڈگریوں کے کیسز 16 مارچ سے قبل نمٹا دیئے جائیں گے، عدالتوں میں زیر سماعت جعلی ڈگری کے کیسزجلدنمٹانے کیلئے بھی خطوط بھجوائے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ممبر خیبر پختونخوا شہزاد اکبر اور ممبر بلوچستان فضل الرحمان نے اسلام آباد میں مسلم لیگ ق کے رکن قومی اسمبلی میر احمدان بگٹی کے خلاف جعلی ڈگری کیس کی سماعت کی۔الیکشن کمیشن نے میراحمدان بگٹی کوتعلیمی اسناد پیش کرنے کے لئے 12 مارچ تک کی مہلت دی۔ ممبر الیکشن کمیشن نے ریمارکس دیئے کہ جعلی ڈگریوں کے کیسز 16 مارچ سے قبل نمٹا دیئے جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے جن عدالتوں میں جعلی ڈگری والے ارکان پارلیمنٹ کے کیسز زیر التوا ہیں انہیں خطوط بھیجے ہیں کہ وہ ان کیسز کو جلد نمٹا دیں۔ ذرائع کے مطابق اسمبلیوں کے 26 ارکان کے کیسز ی مختلف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے پاس زیر سماعت ہیں۔