پاکستان
26 فروری ، 2013

پنجاب میں پی ٹی آئی کے انتخابات، کارکنا ن آپس میں اُلجھتے رہے

پنجاب میں پی ٹی آئی کے انتخابات، کارکنا ن آپس میں اُلجھتے رہے

لاہور…پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب میں ضلعی سطح پر تنظیمی انتخابات کے دوران چند ایک مقامات پر ہنگامہ آرائی اور تشدد کے واقعات ہوئے ، جس کے باعث کئی پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کچھ دیر کے لئے روک دی گئی۔گوجرانوالہ میں تحریک انصاف کے تنظیمی انتخابات کے دوران پنڈی بائی پاس پر کوریج کرنے والی میڈیا کی ٹیم پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے تشدد کیا اور کیمرے توڑ دیئے، تشدد اور ہنگامہ آرائی کے دوران مقامی اخبار کے نمائندے کے ہاتھ کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ گجرات میں ایک پولنگ اسٹیشن ثروت موڑ پر کارکنوں کے درمیان ہنگامہ آرائی کے باعث پولنگ روک دی گئی ۔سیالکوٹ میں تحریک انصاف کے کارکنان آپس میں اُلجھ پڑے۔ جس کے باعث پولنگ روک دی گئی، اور پھر الیکشن کمیشن نے ملتوی کردی، ضلعی صدر کے لئے اُمیدوار عمر مائر گروپ نے الزام لگایا کہ شاہ نواز گروپ نے ہنگامہ آرائی کی اور الیکشن کمیشن کے نمائندوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔بہاول پور میں تحریک انصاف کے انتخابات ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگئے۔ جس کے بعد پولنگ روک دی گئی۔ عباس رضا اور فرزند گوہیر گروپ کے درمیان مقابلہ تھا۔سابق ضلعی صدر تحریک انصاف ملک عامر کی قیادت میں آنے والے کارکنوں نے بیلٹ بکس اٹھا کر پھینک دیئے۔ملتان میں تحریک انصاف کے انتخابات شروع ہوئے تو ایک بیلٹ پیپر پر اعجاز حسین جنجوعہ گروپ کا نام درج نہیں تھا، جس پر پیر اعجاز حسین جنجوعہ گروپ نے بائیکاٹ کردیا۔ تاہم پولنگ کا عمل جاری رہا۔ اس دوران اکا دکا مقامات پر ہنگامہ آرائی کے واقعات بھی ہوئے۔مظفرگڑھ میں بھی کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی کے باعث کچھ دیر پولنگ رکی رہی۔

مزید خبریں :