04 دسمبر ، 2024
فلپائن میں معدومیت کے خطرے سے دوچار سمندری کچھوا کھانے سے 3 افراد ہلاک اور درجنوں اسپتال پہنچ گئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق فلپائن کے ایک ساحلی علاقے میں سمندری کچھوا کھانے سے 3 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 32 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
مقامی ٹیڈورے برادری کے افراد نے اتوار کے روز ایک سمندری کچھوے کا شکار کیا اور اسے پکا کر کھالیا جس کے بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی۔
حکام کو شبہ ہے کہ آلودہ کائی کھانے کے باعث سمندری کچھوے کا گوشت زہریلا ہوچکا تھا۔
حکام کے مطابق مقامی افراد نے جن پالتو کتوں، بلیوں اور مرغیوں کو کچھوے کا گوشت کھلایا ان میں سے بھی اکثر زندہ نہیں رہے۔
ایک مقامی اہلکار نے غیرملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے کیونکہ یہاں مچھلی اور لوبسٹر جیسی سمندری غذائیں دستیاب ہیں۔
فلپائن میں ماحولیاتی تحفظ کے قوانین کے تحت سمندری کچھوؤں کے شکار اور ان کا گوشت کھانے پر پابندی ہے تاہم یہ عمل کچھ برادریوں میں برقرار ہے۔
خیال رہے کہ فلپائن میں 2013 میں بھی کچھوے کا گوشت کھانے سے 4 فراد ہلاک ور 68 بیمار ہوگئے تھے۔