15 دسمبر ، 2024
مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہےکہ مدارس رجسٹریشن پر مولانا فضل الرحمان کی بات کی قدر ہے، پارلیمنٹ کے اجلاس میں مسئلہ حل ہوجائےگا اور احتجاج کی نوبت نہیں آئےگی۔
فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر بہت جھوٹ گھڑا، فلسطینیوں کی میتوں کو اپنےکارکنوں کا بتایا، اسکولوں میں مخالفین کے بچوں کو نشانہ بنانے پر اکسایا گیا،گالی گلوچ، احتجاج اور افراتفری کی سیاست اب بھی جاری رکھی ہوئی ہے، ملک میں ایسی سیاست کی گنجائش نہیں ہے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو صرف یہ سکھایا گیا کہ مخالف کو دیکھ کر گالی دیں، ایک صوبے میں ان کوحکومت ملی ہے تو تین بار اسلام آباد پرحملہ آور ہوئے، پنجاب آج بھی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتا ہے، خیبرپختونخوا میں ان کی حکومت کی وجہ سے لوگ ان کے ساتھ آئے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا اور جھوٹ کے پروپیگنڈے نے اسلام آباد میں ان کا بیڑا غرق کیا، ایک آدمی کا قتل بھی سنگین نقصان تھا مگر انہوں نے جعلی ویڈیوز سے پروپیگنڈا کیا، سیکڑوں لوگ مارے جانےکے دعوے سے اب 12 ہلاکتوں پر آگئے،کوئی یقین نہیں کرتا۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے سیاست میں نیا رنگ اختیار کیا ہے، پورا فوکس عام آدمی پر ہے، اس مہنگائی کے ہم ذمہ دار نہیں ہیں، 2018 کے بعد اگلے 4 سال میں ملک کے حالات خراب ہوئے، آنے والےدنوں میں لوگوں کے لیےآسانیاں ہوں گی، اچھی خبریں ہوں گی۔