27 فروری ، 2013
لندن…ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ملک خصوصاً سندھ میں امن واستحکام اور مختلف طبقوں کے درمیان ہم آہنگی کی خاطر گورنر سندھ کے عہدے سے اپنا استعفیٰ فوری طور پر واپس لے کر دوبارہ اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں اور اسی دیانت داری سے عوام کی خدمت کرتے رہیں جس طرح وہ ماضی میں انجام دیتے آئے ہیں۔ایم کیو ایم کے اعلامیے کے مطابق الطاف حسین نے یہ بات ڈاکٹر عشرت العباد سے فون پر گفت گو کرتے ہوئے کہی۔ گزشتہ دنوں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان سیاسی اختلافات کے تناظر میں ایم کیوایم نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کے وزرا نے اپنی وزارتوں سے استعفے بھی دے دیئے تھے۔ ایم کیوایم کے اس فیصلے کے بعد گو رنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے بھی گورنر شپ سے اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو ارسال کر دیا تھا اور اپنی علالت کے پیش نظر دبئی روانہ ہوگئے تھے۔ الطاف حسین نے ڈاکٹر عشرت العباد سے کہا کہ آپ نے گورنر سندھ کے عہدے سے اپنا استعفیٰ رضا کارانہ طو ر پر دیا تھا تاہم تاجروں، صنعت کاروں، تمام مکاتب فکرکے علمائے کرام اور مختلف شعبہ زندگی کے اکابرین کی جانب سے مسلسل یہ مطالبہ کیا جارہا ہے کہ میں گورنرسندھ سے استعفیٰ واپس لینے کے لیے کہوں۔ اکابرین کی درخواست کے پیش نظر میں آپ کو مشورہ دیتا ہوں کہ آپ اپنے استعفے کے فیصلے پر نظرثانی کریں اور ملک خصوصاً سندھ میں امن واستحکام کے لیے اپنی ذمیداریاں دوبارہ سنبھال لیں۔