Time 18 دسمبر ، 2024
کھیل

پسندیدہ بیٹنگ پوزیشن اوپننگ ہے، نمبر تبدیل ہو تو مشکل ہوتی ہے: صاحبزادہ فرحان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیٹر صاحبزادہ فرحان کا کہنا ہے کہ میری پسندیدہ بیٹنگ پوزیشن اوپننگ ہے، اسی نمبر پر ساری کرکٹ کھیلی، بیٹنگ نمبر تبدیل ہو تو  مسئلہ ضرور ہوتا ہے۔

صاحبزادہ فرحان نے جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تینوں فارمیٹس کو ساتھ لے کر چلنا مشکل ہوتاہے لیکن پروفیشنل کے طور پر تیار رہنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تینوں فارمیٹس کی تیاری نئی بات نہیں، 10،8 سال سے اسی طرح تیاری کرتا ہوں، ہر فارمیٹ میں پرفارمنس دینا چیلنجنگ ضرور ہوتاہے لیکن محنت جاری رکھتے ہیں، موقع جس مرضی فارمیٹ میں ملے سو فیصد دینے کی کوشش ہوتی ہے۔

صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ اور ایک روزہ میچ میں عبداللہ شفیق، شان مسعود، صائم ایوب پرفارمنس دے رہے ہیں، میری دعا ہے ساتھی کھلاڑی پرفارمنس دیں لیکن اگر پرفارمنس نہیں ہوتی تو ان کی جگہ موقع ملےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی میں جگہ تھی جس میں قومی ٹیم میں مجھے منتخب کیاگیا، میں ڈومیسٹک کرکٹ کا ہر ٹورنامنٹ کھیلتاہوں، ریڈبال میں گزشتہ سال ٹاپ کیا تھا، ڈومیسٹک پرفارمنس دیکھنی چاہیے، اگر جگہ نہ بھی ہو تو اسکواڈ میں ضرور شامل کرنا چاہیے۔

صاحبزادہ فرحان  نے کہا کہ ڈومیسٹک اور پی ایس ایل میں بیٹنگ آرڈر تبدیل ہو تو چل جاتاہے، انٹرنیشنل کرکٹ میں کھلاڑی کا بیٹنگ آرڈر تبدیل ہو تو مشکل ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 10،8  سال سے ٹاپ آرڈر بیٹر کے طور پر کھیل رہاہوں، ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹاپ آرڈر میں کھیل کر موقع اگر مڈل آرڈر میں ملے تو مشکل ہوجاتی ہے، مڈل آرڈر میں پہلی بال سے ہٹنگ کرنی ہوتی ہے۔

صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ میری پسندیدہ بیٹنگ پوزیشن اوپننگ کی ہے کیونکہ اسی نمبر پر ساری کرکٹ کھیلی، بطور اوپنر ہی ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمینس دی ہیں، بیٹنگ نمبر تبدیل ہو تو مشکل ضرور ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں منتخب ہونا اور ڈراپ ہونا تو چلتا رہتا ہے، سینیئر کھلاڑی بھی کئی کئی بار ٹیم سے ڈراپ ہوئے اور واپس آئے، تینوں فارمیٹس کھیلنے کے لیے فٹنس بہت اچھی ہونی چاہیے۔پروفیشنل کرکٹ جب شروع کی تھی تو تب سے فٹنس کا خیال رکھاہے۔

مزید خبریں :