پاکستان
27 فروری ، 2013

کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات،7افراد ہلاک

کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات،7افراد ہلاک

کراچی …کراچی میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ بدھ کو فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں سات افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ لائنز ایریا میں فائرنگ کر کے شبیر احمد کو قتل کردیا گیا ، پولیس کے مطابق مقتول کا تعلق مذہبی جماعت سے تھا۔ گلستان جوہر بلاک پندرہ میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے امیر اللہ جمالی نامی شخص کو قتل کردیا گیا۔ اورنگی ٹاوٴن کے علاقے فقیر کالونی میں پریشان چوک کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔سمن آباد میں حلیم کی دکان پر فائرنگ کر کے نجی سیکیورٹی گارڈ کو قتل جبکہ ایک شخص کو زخمی کردیا گیا۔ سرجانی ٹاوٴن میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے کالعدم جیش محمد کے کارکن محمد آصف کو قتل کردیا ۔ نارتھ کراچی میں واجد علی شیخ کو نامعلوم ملزمان نے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ بچوں کو اسکول چھوڑنے کے لئے جارہا تھا۔ بلدیہ ٹاوٴن حب ریور روڈ پر کچرا کنڈی سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی۔ بفرزون، سہراب گوٹھ، ڈاکس اور لانڈھی میں فائرنگ کر کے چار افراد کو زخمی کردیا گیا۔

مزید خبریں :