21 دسمبر ، 2024
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے مذاکرات پر کمیٹی بنانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
اسلام آباد:چیرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کی سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سےگفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہناتھاکہ امید ہے کل تک کمیٹی بن جائے گی، مذاکرات ہی ہوں گے اورمذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں۔
صحافی نے سوال کیا کہ لطیف کھوسہ نے آج کہا ڈیڈلائن ختم، سول نافرمانی کی تحریک پرعمل ہوگا؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ بالکل سول نافرمانی کی تحریک پر بھی عمل ہوگا۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہناتھاکہ بیرسٹر گوہر نے اسپیکر کے بطور کسٹوڈین آف دی ہاؤس کردار کو تسلیم کیا ہے، انہوں نے اسپیکر سے مذاکرات میں فعال طور پر کردار ادا کرنےکی استدعا کی۔
انہوں نے کہاکہ بیرسٹر گوہر کی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کی تجویز کو تسلیم کرتا ہوں، مسائل کا حل مذاکرات میں ہی ہے۔
ایاز صادق کا کہنا تھاکہ وزیراعظم سےحکومتی مذاکراتی ٹیم تشکیل دینےکی درخواست کی گئی ہے، سیاسی عدم استحکام ختم ہونا چاہیے اور معاملات کو حل کرنا چاہتے ہیں۔