Time 01 جنوری ، 2025
پاکستان

ایم ڈبلیو ایم نے احتجاج کے خاتمے کو راستوں کی بندش ختم ہونے سے جوڑ دیا

اسلام آباد: مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے احتجاج کے خاتمے کو پارا چنار  کے راستوں کی بندش ختم ہونے سے جوڑ دیا۔

ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کل ٹرک پارا چنار اشیائے خورد ونوش لے کر جائیں گے، اشیائے خورد و نوش اور ادویات پارا چنار پہنچیں تو اس کے بعد ہی مظاہرے ختم ہوں گے۔

ایم ڈبلیو ایم کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے مظاہروں کا تعلق پارا چنار مظاہرے سے ہے، ملک بھر کے مظاہروں کا خاتمہ پارا چنار مظاہرے کے خاتمے کے ساتھ ہوگا، متفقہ جرگے کا اتفاق رائے خوش آئند ہے۔

ایم ڈبیلو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے اب تک کوئی تعاون نہیں کیا، پاراچنارکے راستے بند ہونا صوبائی حکومت کے ناکام ہونے کی دلیل ہے، وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا جوابدہ ہیں۔

خیال رہے کہ کرم کے معاملے پر کوہاٹ گرینڈ جرگے میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

معاہدے کے تحت نقصانات کا ازالہ کیا جائےگا اور بڑا اسلحہ حکومتی تحویل میں دیا جائےگا، فریقین کی جانب سے بنائےگئے مورچے ختم کیے جائیں گے۔

جرگہ رکن ملک ثواب خان نے تصدیق کی ہے کہ امن معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں، فریقین کی جانب سے45 ،45 افراد نے دستخط کیے ہیں، فریقین 14 نکات پر مشتمل معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں، معاہدے کے تحت فریقین کے درمیان سیز فائر کا فیصلہ ہوا ہے، فریقین مورچے ختم اور اسلحہ جمع کرائیں گے۔

مزید خبریں :